اسلام آباد ( نیوزڈیسک ) امام کعبہ الخالد حامد الغامدی نے کہا ہے کہ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ ہم سب مسلمان ہیں ،ہمارا دین ، خدا اور کتاب ایک ہے اس کے باوجود ہم سب اختلافات کا شکار ہیں جو افسوس ناک ہے ، فیصل مسجد میں نماز جمعہ کا خطبہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج امت مسلمہ کی ناکامی کی وجہ یہ ہے کہ ہم نے اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا چھوڑ دیا ہے اور اب ہم سب ایک ہونے کی بجائے مختلف گروہوں اور فرقوں میں تقسیم ہوچکے ہیں۔ امام کعبہ نے کہا کہ آج سے چودہ سو سال قبل حضرت محمد نے اس بات کا درس دیا تھا کہ ہم سب اللہ کی رسی کو مضبوطی سے پکڑ لیں اور کسی تفرقے کا شکار نہ ہوں مگر افسوس کی بات ہے کہ ہم سب آج گروہوں میں تقسیم ہیں جس کا فائدہ غیر مسلم قوتیں اٹھا رہی ہیں ، انہوں نے کہا کہ رسول اکرم نے بھی اس بات پر زور دیا تھا کہ اسلام میں رنگ و نسل کا فرق ختم کر دیا گیا ہے اور اللہ کے نزدیک وہی انسان سب سے زیادہ پسندیدہ ہے جو متقی اور پرہیز گار ہے ، ہمیں آج بھی اللہ اور اس کے رسول کے فرمودات پر عمل کرنا ہو گا تاکہ ہم دنیا اور آخرت میں سرخرو ہوسکیں ۔