کراچی ( نیوز دیسک) اسسٹنٹ پروفیسر وحید الرحمان کے قتل پر جامعہ کراچی میں دوسرے روز بھی سوگ کا سماں رہا ، تدریسی عمل معطل جبکہ امتحانات ملتوی کر دیئے گئے ، ٹیچرز ایسوسی ایشن نے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے پندرہ مئی کی ڈیڈ لائن دے دی۔ کراچی ٹیچرز ایسوسی ایشن نے پریس کانفرنس میں اسسٹنٹ پروفیسر وحید الرحمان کے قتل کی شدید مذمت کی۔ ایسوسی ایشن نے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے پندرہ مئی کی ڈیڈ لائن دے دی ، اساتذہ کا کہنا تھا کہ ملزم گرفتار نہ کیے گئے تو تمام یونیورسٹیاں بند کر دی جائیں گی۔ ٹیچرز ایسوسی ایشن نے وحید الرحمان کے قتل کی تحقیقات کیلئے جے ا?ئی ٹی اور جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کا بھی مطالبہ کیا۔ اس سے پہلے جامعہ کراچی میں اسسٹنٹ پروفیسر وحید الرحمان کی یاد میں تعزیتی ریفرنس ہوا۔ اساتذہ اور طلبا نے وحید الرحمان کی تعلیمی شعبے میں خدمات کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔ اسسٹنٹ پروفیسر کے قتل پر جامعہ کراچی میں تدریسی عمل معطل رہا ، تمام امتحانات بھی ملتوی کر دیئے گئے۔