اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان کی جانب سے پاک آرمی کے 2 سی ون 30 طیارے امدادی سامان لے کر نیپالپہنچگئے۔ پاک آرمی کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف امدادی ٹیم میں شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابقاتوار کی صبح نور خان ایئربیس سے پاک آرمی کے 2 سی ون 30 طیارے امدادی سامان لے کر نیپال گئے ہیں۔ پاک آرمی کی طرف سے 30 بستر پر مشتمل اسپتال بھی نیپال بھیجا گیا ہے۔پاک آرمی کی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم بھی روانہ کی گئی ہے جو نیپال کے زلزلہ زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے گی۔ ادھر نیپالی وزیر داخلہ کے مطابق مختلف علاقوں میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 1860سے تجاوز کر گئی ہے اور 4ہزار 700سے زائد افراد زخمی ہیں۔ نیپال میں زلزلے کے بعد بھارت نے اپنی امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں بھیج دیں ہیں اور انہوں نے اپنی کاروائیوں کا باقاعدہ آغاز بھی کردیا ہے۔دریں اثناء حکام نے تباہ کن زلزلے کے بعد کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بین الاقوامی امداد کی اپیل کی ہے۔ایک انٹرویو میں نیپالی وزیر اطلاعات منندرہ راجال نے کہا کہ ان کا ملک حالت بحران میں ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں انہیں بین الاقوامی امداد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر امداد اوربحالی کی کارروائیاں جاری ہیں اورابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ادھر زلزلہ متاثرین نے شدید سردی اور وقفے وقفے سے ہونیوالی بارش میں رات کھٹمنڈو کے پارکوں اورکھلے میدانوں میں گزاری۔ لوگ شدید زلزلے کے باعث گھروں کو جانے سے خوفزدہ تھے۔ ہسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ ہے جہا ں طبی سازوسامان کی قلت پیدا ہورہی ہے۔زلزلے کا مرکز نیپال کے دوسرے بڑے شہرپوکارہ کے مشرق میں آٹھ کلومیٹرکے فاصلے پر تھاتاہم زلزلے کے جھٹکے بھارت، بنگلہ دیش اور تبت میں بھی محسوس کئے گئے۔ زلزلے سے بھارت میں44 تبت میں 17 بنگلہ دیش میں دو افراد ،نیپال اور چین کی دوطرفہ سرحدپرکئی چینی شہری بھی ہلاک ہوئے ہیں۔