اسلام آباد(نیوز ڈیسک) چھٹی کے روز بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ، شہری علاقوں میں سات اور دیہی علاقوں میں دس گھنٹے تک بجلی کی بندش ہو رہی ہے۔ این ٹی ڈی سی ذرائع کے مطابق بجلی کی طلب 13 ہزار آٹھ سو اور پیداوار نو ہزار سات سو میگا واٹ ہے ، جس سے بجلی کا شارٹ فال چار ہزار ایک سو میگا واٹ ہوگیا ہے۔ حکام کے مطابق گرمی بڑھنے سے بجلی کی طلب میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے لیکن منگلا اور تربیلا ڈیم سے زرعی ضروریات کے لیے پانی کا اخراج نہ بڑھنے سے پن بجلی کی پیداوار استطاعت سے تین گنا کم ہے۔ ان حالات میں ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی جانب سے شہری علاقوں کے لیے 6 اور دیہی علاقوں کے لیے 8 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا شیڈول جاری کیا گیا ہے۔ لیکن شارٹ فال زیادہ ہونے کی وجہ سے ایک سے دو گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کا دورانیہ زیادہ ہے۔ #