اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان نے افغانستان میں پانچ پاکستانی شہریوں کی ہلاکت پر افغانستا ن کے سفارتی حکام سے احتجاج کیاہے۔تفصیلات کے مطابق وزارت خارجہ کے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پاکستان میں تعینات افغان ڈپٹی ہیڈ آف مشن کو دفتر خارجہ طلب کر کے انہیں پاکستانیوں کے بہیمانہ قتل پر سخت تحفظات سے آگاہ کیاہے۔ہلاک ہونے والے پانچوں افراد پاکستانی چارسدہ سے تعلق رکھنے والے تاجر تھے اور یہ پانچوں ان آٹھ افراد میں شامل تھے جنہیں دو ماہ قبل مسلح افراد نے افغانستان کے صوبہ سے مہمند سے اغوا کرلیا تھا ،جن کی لاشیں بدھ کے روز افغانستان کے علاقے غنی خیل سے ملی تھیںجبکہ تین افراد ابھی بھی لاپتہ ہیں۔