حیدرآباد( نیوزڈیسک)سندھ ہائیکورٹ حیدرآبادبینچ نے جئے سندھ قومی پرست پارٹی کے چیئرمین قمر بھٹی ایڈوکیٹ کی الطاف حسین کی ویڈیو اور ٹیلی فونک بیانات ، تقاریر کیخلاف درخواست سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین، وفاقی حکومت، چیئرمین پیمرا اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔جئے سندھ قوم پرست پارٹی کے چیئرمین قمر بھٹی ایڈوکیٹ نے عدالت عالیہ میں دائردرخواست میں موقف اپنایاکہ اشتعال انگیز بیانات اور تقریروں کی وجہ سے معاشرے کے مختلف طبقات میں نفرت اور انتشار پیدا ہو رہا ہے اس کے علاوہ امن وامان کی فضاء متاثر ہو رہی ہے ، الطاف حسین کی نفرت انگیز اور اشتعال پر مبنی تقاریر اور بیانات قوم کی سلامتی کے لئے خطرہ ہیں لہٰذا الطاف حسین کی لندن سے مواصلاتی تقاریر اور بیانات پر پابندی لگائی جائے۔درخواست گزار نے کہاکہ سپریم کورٹ بھی فیصلہ دے چکی ہے کہ ٹی وی چینلز پر نفرت انگیز مواد نشر نہیں ہونا چاہئیے اس لئے پیمرا کو حکم دیا جائے کہ وہ ان پر عمل کرتے ہوئے الطاف حسین کی تقاریر اور بیانات پر پابندی لگائے۔تین ماہ پہلے دائر درخواست عدالت نے سماعت کے لیے منظور کرتے سیکریٹری داخلہ، ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو بذریعہ سیکریٹری خارجہ پاکستان، چیئرمین پیمرا اور حکومت سند ھ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔