اسلام آباد(نیوز ڈیسک)تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں جنہوں نے شور مچایا وہ دراصل خوفزدہ ہیں کہ اگر دھاندلی پکڑی گئی تو سب کا پردہ چاک ہوگا۔پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ایوان میں واپس آنے پر مسلم لیگ (ن) کے ارکان نے جس طرح استقبال کیا اس پر ان کا شکر گزار ہوں اور خاص طور پر ان ارکان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے شور مچایا لیکن ان سے یہ پوچھنا چاہتا ہوں کہ جب تمام جماعتوں نے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی تو شور کرنے والے بتائیں کہ انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات ہونی چاہئے یا نہیں، شور مچانے والے ڈرتے ہیں دھاندلی پکڑی گئی تو سب کا پردہ چاک ہوگا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ سوا سال 4 حلقے کھولنے کا مطالبہ کرتے رہے اور جب آواز نہیں سنی گئی تو سڑکوں پر آنا پڑا لیکن اب جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ پورا ہوگیا تو اسمبلیوں میں واپس آگئے، جوڈیشل کمیشن کا قیام ہمارا اصولی موقف تھا جس کی تشکیل سے جمہوریت کو فائدہ ہوگا اور دھاندلی کے ثبوت اب جوڈیشل کمیشن کے سامنے لے کر جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شور مچانے والے بتائیں دھاندلی کی تفتیش کا فائدہ مجھے ہوگا یا پارلیمنٹ کو، ان سب کو تو خوش ہونا چاہئے تھا کہ جمہوریت آگے بڑھے گی اور دھاندلی پکڑی گئی تو آئندہ انتخابات صاف شفاف ہوں گے۔