اسلام آباد(نیوز ڈیسک): بلوچستان کے ضلع لورالائی میں قلعہ سیف اللہ روڈ پر واقع لیویز کی چیک پوسٹ پر راکٹوں سے دوبارہ حملہ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق دہشتگردوں نے قریبی پہاڑوں سے چیک پوسٹ پر راکٹوں سے حملہ کیاجس کے نتیجے میں لیویز کے زیر استعمال گاڑی اور ایک کمرہ مکمل طور پر تباہ ہو گئے تاہم حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔حملے کی اطلاع ملتے ہی لیویز اور ایف سی کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لےکر دہشتگردوں کی کی تلاش شروع کر دی۔ چند روز قبل بھی لورالائی سے ملحقہ میختر کےعلاقے میں دہشتگردوں نے لیویز اہلکاروں کو گاڑی سے اتار کر نشانہ بنایا تھا۔