اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ایم کیو ایم نے نائن زیرو جانے والے دو راستوں سے بیرئیرز اور رکاوٹیں ہٹا دی ہیں۔ دوسری طرف رینجرز نے چھاپے کے دوران حراست میں لئے گئے مزید انیس افراد کو تفتیش کے دوران کلیرنس کے بعد چھوڑ دیا۔ اب تک مجموعی طور پر بائیس افراد کو رہا کیا جا چکا ہے۔ کراچی میں ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کی جانب سے نائن زیرو کے اطراف سے رکاوٹیں ہٹانے کے اعلان کے بعد م±کا چوک اور مدنی مسجد کے اطراف سے رکاوٹوں کے ساتھ ساتھ لگے بیرئیرز بھی ہٹا دئیے گئے ہیں۔ رکاوٹیں ہٹانے کے لئے لفٹر بھی استعمال کئے گئے۔ ایم کیو ایم ذرائع کے مطابق بیرئیرز اور رکاوٹیں اپنی مدد آپ کے تحت ہٹائی گئی ہیں۔ نائن زیرو کے اطراف میں دہشت گردی کے خدشات کے باعث بیرئیرز اور رکاوٹیں لگائی گئی تھیں۔ دوسری جانب رینجرز کی جانب سے رہا کیے گئے افراد میں نائن زیرو پر تعینات سیکورٹی گارڈز اور کارکن شامل ہیں۔ رینجرز ذرائع کے مطابق ان افراد کو تفتیش کے دوران کلیرنس کے بعد رہا کیا گیا۔ نائن زیرو پر چھاپے کے دوران درجنوں افراد کو حراست میں لیا گیا تھا جن میں سے 3 افراد کو گزشتہ روز رہا کیا گیا تھا۔ رینجرز کی جانب سے اب تک مجموعی طور پر 22 افراد کو رہا کیا جا چکا ہے۔