اسلام آباد (نیوزڈیسک)وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدے کیلئے مولانا عبدالغفور حیدری کے نام کی منظوری دیدی. مولانا فضل الرحمان عبدالغفور حیدری کے بجائے حافظ حمد اللہ کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ بنانے کی خواہش رکھتے تھے۔ گزشتہ روز زرداری ہاو¿س کے اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین سینٹ کیلئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری اور حافظ حمداللہ کے نام تجویز کیے گئے تھے تاہم خواتین سینیٹرز کی جانب سے حافظ حمداللہ پر اعتراض عائد کیا گیا کہ انہوں نے خواتین کے حوالے سے منفی بیانات دیئے ہیں جس کے بعد مولانا عبدالغفور حیدری کے نام کا فیصلہ کیا گیا۔ ایوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے وزیر اعظم نواز شریف کو ٹیلی فون کر کے مولانا عبدالغفور حیدری کے نام سے متعلق آگاہ کیا تھا۔ وزیر اعظم کو بتایا گیا ہے کہ بلوچستان کی تمام جماعتوں نے ڈپٹی چیئرمین کا نام تجویز کرنے کا مینڈیٹ آصف زرداری کو دیا تھا۔ سابق صدر نے یہ عہدہ جمعیت علمائے اسلام ف کو دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ وزیر اعظم نواز شریف نے محمود خان اچکزئی سمیت دیگر اتحادیوں سے مشاورت کے بعد نام کی حتمی منظوری دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان مولانا عبدالغفور حیدری کی بجائے حافظ حمد اللہ کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ بنانے کے خواہشمند تھے۔ ان کا موقف تھا کہ عبدالغفور حیدری کے ڈپٹی چیئرمین بننے کے بعد انہیں پارٹی کے سیکرٹری جنرل کا دوبارہ انتخاب کرنا پڑے گا تاہم بلوچستان کی جماعتوں کی رائے تھی کہ حافظ حمد اللہ پختون جبکہ مولانا عبدالغفور حیدری بلوچ ہیں۔ بلوچستان کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا عہدہ دینا ہے تو مولانا عبدالغفور حیدری کو ڈپٹی چیئرمین بنایا جائے۔