فاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر آپریشن کے حوالے سے بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ نائن زیرو پر چھاپہ انٹیلی جنس معلومات کی بناءپر مارا گیا ہے جبکہ رینجرز کی کاروائی قانون کے عین مطابق ہے۔میڈیا کو جاری اپنے بیان میں چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ کراچی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت پر شروع کیا گیا تھا جبکہ خود متحدہ قومی موومنٹ نے مطالبہ کیا تھا کہ کراچی کو جرائم پیشہ افراد سے نجات دلانے کے لیے فوجی آپریشن کیا جائے ۔وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ آپریشن سے قبل تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا گیا تھا اور یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن مین کوئی سیاسی وابستگی آڑے نہیں آئے گی ۔چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ پولیس اور رینجرز کا فرض ہے کہ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کاروائی کریں اور آج ایم کیو ایم کے مرکز پر چھاپہ بھی انہوں نے قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے مارا ہے۔