جمعرات‬‮ ، 26 دسمبر‬‮ 2024 

سرعام پھانسی

datetime 17  ستمبر‬‮  2020
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

مجھے چند سال پہلے اپنے ایک دوست کے ساتھ اس کے گاﺅں جانے کا اتفاق ہوا‘ یہ پنجاب کے ایک مشہور گاﺅں کے چودھری ہیں‘ میں ان کے مہمان خانے میں ٹھہرا ہوا تھا‘ سردیوں کے دن تھے‘ میں صبح اٹھا تو مہمان خانے کے صحن میں پنچایت ہو رہی تھی‘میں نے کھڑکی کھولی اور کارروائی دیکھنے لگا‘ دو خاندان لڑ رہے تھے اور میرے دوست کے تایا حقہ لے کر درمیان میں بیٹھے تھے۔

وہ پہلے ایک فریق کی بات سنتے تھے اور پھر دوسرے فریق کی‘ دونوں فریق ایک دوسرے کو گالیاں دے رہے تھے اور تایا اطمینان سے حقہ پی رہے تھے‘ پنچایت شام تک چلتی رہی اور میں کھڑکی سے یہ سارا منظر دیکھتا رہا‘ تایا جان درمیان میں لنچ کے لیے گھر چلے گئے‘ یہ لنچ کر کے ایک آدھا گھنٹہ سستا کر دوبارہ آ گئے جب کہ فریقین اس دوران بھی ایک دوسرے کو گالیاں اور کوسنے دیتے رہے‘ تایا جان واپس آئے اور دوبارہ عدالت کی عنان سنبھال لی‘ شام کے وقت اعلان ہوا چودھری صاحب کل فیصلہ کریں گے‘ آپ لوگ اب واپس چلے جائیں‘ دونوں فریق ایک دوسرے کو گالیاں دیتے ہوئے رخصت ہو گئے‘ میں نے رات کے کھانے پر اپنے دوست سے پوچھا ”یہ سارا دن یہاں کیا ہوتا رہا“ میرے دوست نے قہقہہ لگایا اور بولا ”یہ چودھراہٹ ہو رہی تھی“ میں حیرت سے اس کی طرف دیکھنے لگا‘ وہ بولا ”میرے تایا علاقے کے چودھری ہیں‘ رشتوں سے لے کر تدفین تک سارے فیصلے یہ کرتے ہیں‘ آج کے دونوں فریقین ایک دوسرے کے رشتے دار ہیں۔

ایک خاندان کی لڑکی دوسرے خاندان میں بیاہی ہوئی ہے‘ یہ شادی کے دوسرے دن سے ایک دوسرے سے لڑ رہے ہیں اور یہ باقی زندگی بھی لڑتے رہیں گے“ میں خاموشی سے اس کی طرف دیکھتا رہا‘ وہ بولا ”یہ دونوں تگڑے خاندان ہیں‘ بچی بی اے پاس ہے جب کہ لڑکا ان پڑھ اور بدتمیز ہے‘ یہ رشتہ ہمارے تایا جان نے کرایا تھا۔

یہ جب رشتہ کرا رہے تھے تو میں نے ان سے کہا تھا‘ تایا جی آپ یہ ظلم کیوں کر رہے ہیں‘ لڑکی اور لڑکے کا کوئی جوڑ نہیں‘ یہ زیادتی ہو گی‘ تایا جی نے اس وقت ہنس کر کہا تھا” یہ دونوں تگڑے ہیں‘ یہ اگر ایک ہو گئے تو یہ ہمیں علاقے میں چودھراہٹ نہیں کرنے دیں گے چناں چہ میں ان کا بے جوڑ رشتہ کرا رہا ہوں‘ یہ دونوں رشتے کے بعد آپس میں لڑتے رہیں گے اور یوں ہماری چودھراہٹ قائم رہے گی“ ۔

میں یہ سن کر سکتے میں آگیا اور میں نے حیرت سے پوچھا ”یہ لوگ اگر ایک دوسرے سے اتنے تنگ ہیں تو یہ طلاق کیوں نہیں لیتے“ وہ ہنس کر بولا ”ہمارے علاقے میں طلاق قتل سے بڑا جرم ہوتی ہے‘ اگر کسی نے طلاق مانگ لی یا دے دی تو پھر یہ لڑائی جنگ میں تبدیل ہو جائے گی‘ دوسرا اگر طلاق ناگزیر ہوئی تو یہ فیصلہ بھی تایا جی کریں گے اور تایاجی اپنی زندگی میں یہ فیصلہ نہیں کریں گے کیوں کہ دونوں خاندانوں کے درمیان سیٹل منٹ کا تایاجی کی چودھراہٹ کو نقصان ہو گا اور یہ مر جائیں گے مگر اپنا نقصان نہیں ہونے دیں گے“۔

آپ یہ منطق سن کر یقینا حیران ہوں گے لیکن یہ منطق نہ صرف اس ملک میں چل رہی ہے بلکہ یہ پاکستان کا سب سے بڑا المیہ بھی ہے اور اس المیے کی جڑ پنجاب ہے‘ پنجاب پاکستان کا 60 فیصد ہے‘ یہ 12 کروڑ لوگوں کا صوبہ ہے چناں چہ آپ جس طرف بھی نکل جائیں آپ کو وہاں پنجابی سوچ کا غلبہ ملے گا اور ہم پنجابیوں کی سوچ یہ ہے‘ اول ہم خود کچھ کرتے ہیں اور نہ کسی دوسرے کو کرنے دیتے ہیں۔

دوسرا ہم مر جائیں گے مگر اپنے ہاتھ سے اپنی چودھراہٹ نہیں نکلنے دیں گے اور تیسرا ہم دوسروں کو اکٹھا نہیں ہونے دیتے‘ ہم ”لڑائیں اور مزے کریں“ کے حامی ہیں‘ میں دوبارہ سی سی پی او عمر شیخ کی مثال دوں گا‘ یہ کیا ہیں؟ یہ پنجاب کے اصلی مرد بچے ہیں‘ آپ دل پر ہاتھ رکھ کر بتائیں کیا ہم پنجابیوں کی اکثریت ایسا نہیں سوچتی‘ کیا خواتین کے بارے میں ہماری رائے عمر شیخ کے خیالات سے نہیں ملتی؟۔

آپ کسی دن دنیا جہاں کی زبانوں کی گالیاں اکٹھی کر لیں آپ کو پنجابی واحد زبان ملے گی جس کی ہر دوسری گالی ماں‘ بہن اور بیٹی کے گرد گھومتی ہے‘ ہم ہر چلتی اور رکی ہوئی چیز کو بھی بہن کی گالی دے دیتے ہیں‘ ہم پنجابی گاڑی‘ دروازے‘ پنکھے حتیٰ کہ جوتے کو بھی بہن کی گالی دیتے ہیں لہٰذا جب ہمارا کلچر‘ ہماری تہذیب اور ہماری زبان عورت کو عزت نہیں دیتی تو پھر پنجابی افسروں میں شائستگی اور تہذیب کہاں سے آئے گی‘یہ عمر شیخ کیوں ثابت نہیں ہوں گے؟

مجھے یقین ہے میں ایک اور غیر مقبول کالم لکھ رہا ہوں‘ ملک کی ساٹھ فیصد اکثریت اور 12 کروڑ چودھریوں کے خلاف بات کرنا اور انسان خود بھی ان میں سے ایک ہو یہ کہاں کی عقل مندی‘ یہ کہاں کی سمجھ داری ہے لیکن ہم نے اگر یہ ملک چلانا ہے تو پھر ہمیں اپنے ڈی این اے کو سمجھنا ہو گا‘ ہمیں اپنی غلطیوں کا اعتراف کرنا ہوگا ۔

ہمیں ماننا ہوگا ہمارے راستے کی سب سے بڑی رکاوٹ ہم پنجابیوں کی سوچ ہے‘ ہم خود کچھ کر رہے ہیں اور نہ کسی دوسرے کو کرنے دے رہے ہیں‘ ہم نے اس ملک میں ایک متحارب سوچ بھی پیدا کر دی ہے‘ لڑو‘ لڑو اور بس لڑو‘ آپ دیکھ لیں ہمارے ہیروز کون ہیں؟ اس خطے میں لڑنے والا ہر شخص ہمارا ہیرو ہے‘ پوری دنیا میں پروفیسر‘ سائنس دان‘ موجد‘ موسیقار‘ گلوکار‘ مصور‘ آرکی ٹیکٹ‘ ادیب‘ شاعر اور عبدالستار ایدھی جیسے لوگ ہیرو ہوتے ہیں لیکن ہمارے ملک میںیہ لوگ آج بھی کمی کمین سمجھے جاتے ہیں‘ کیوں؟

کیوں کہ ہم پنجابی ہزاروں سال سے ہاتھ سے کام کرنے والوں کو کمی اور دوسروں کے ہاتھوں کی کمائی کھانے والوں کو چودھری سمجھتے آ رہے ہیں‘ ہمارے ملک میں کیوں کہ پنجابی سوچ کا غلبہ ہے چناں چہ ہمارے ملک میں جو بھی شخص ہاتھ سے کام کرے گا وہ کمی ہو گا خواہ وہ شاعر ہو‘ ادیب ہو‘ موسیقار ہو‘ مصور ہو یا پھر سائنس دان ہو اور ہم اسے اس وقت تک کمی سمجھتے رہیں گے جب تک وہ ہاتھ اور عقل ہلانا بند نہیں کر دیتا اور یہ بھی حقیقت ہے ہمارے پنجاب میں ہر کمی چند ہفتوں بعد کمین بھی ہو جاتا ہے۔

ملک میں جب بھی جنسی زیادتی کا کوئی کیس سامنے آتا ہے‘ وہ خواہ پپو ہو‘ زینب کا ایشو ہو یا پھر موٹروے جیسا سانحہ ہو پورے ملک سے سرعام پھانسی کی آوازیں آنا شروع ہو جاتی ہیں‘ ہم بڑے فخر سے ایران اور سعودی کی مثالیں بھی دیتے ہیں‘یہ آوازیں کہاں سے آتی ہیں؟ یہ بھی خالص پنجابی سوچ ہے‘ ہم پنجابی کاٹ دیں‘ لٹکا دیں اور جلا دیں کے قائل ہیں۔

ہم پنجابی صرف مجرم کو سزا نہیں دیتے ہم اس کے خاندان کو بھی سزا دیتے ہیں‘ قاتل کی بچیاں ونی ہوتی ہیں‘ مردوں کے جرم پر ان کے گھروں کی عورتوں کو برہنہ کر کے بازار میں پھرایا جاتا ہے اور پنجاب پولیس ہمیشہ چور‘ زناکار اور قاتل کے خاندان کے افراد کو پکڑ کر تھانے بٹھا دیتی ہے‘آپ 1947ءکے بٹوارے کے دوران بھی پنجاب کی صورت حال دیکھ لیجیے‘ یہ ہمارے پنجابی کلچر کے بدصورت دھبے ہیں۔

ہم اذیت دے کر خوش ہوتے ہیں‘ ہم سزاﺅں کو خاندانوں اور برادریوں تک پھیلاتے ہیں‘ آپ سوچ ملاحظہ کیجیے‘ سانحہ موٹروے کے بعد وزیراعظم نے بھی فرما دیا‘ ہمیں زیادتی کے مجرموں کو جنسی صلاحیت سے محروم کر دینا چاہیے‘ آپ کر دیں لیکن سوال یہ ہے مجرم اگر شادی شدہ ہے تو یہ سزا اسے نہیں اس کی بیوی کو ملے گی‘ بیوی کا اس میں کیا قصور ہے اور مجرم شوہر اگر ”سزا“ کے بعد بیوی کو طلاق دے دیتا ہے تو اس کے بچوں کی پرورش کون کرے گا؟ کیا وہ کل کو ڈاکو نہیں بن جائیں گے! ۔

دوسرا ہم اگر مجرموں کو سرعام پھانسی دینا شروع کر دیتے ہیں تو اس سے مجرموں کو کیا نقصان ہو گا؟ آپ پھانسی کے مجرم کو جیل میں پھانسی پر لٹکائیں یا سرعام وہ تو مر جائے گا‘ اس کے لیے دونوں برابر ہوں گی لیکن یہ پھانسی جب عام آدمی دیکھے گا تو اس کے ذہن پر کیا اثر پڑے گا‘ آپ نے یہ سوچا؟ آج سے سو سال پہلے تک دنیا میں سرعام پھانسیاں ہوتی تھیں لیکن پھر انسان نے تاریخ سے سیکھا یہ وحشت اور بربریت ہے اور ریاست کو کبھی وحشی نہیں ہونا چاہیے چناں چہ مجرموں کو جیلوں میں سزائے موت دی جانے لگی۔

دنیا میں آج صرف سعودی عرب اور ایران دو ملک ہیں جہاں سرعام سر کاٹا یا پھانسی دی جاتی ہے اور یہ ملک بھی اس پر نظرثانی کر رہے ہیں‘دنیا میں اگر سرعام پھانسیوں سے جرم رک سکتے تو ایران اور سعودی عرب میں رک گئے ہوتے‘ وہاں یہ آج تک موجود ہیں جب کہ دنیا کے 20 کرائم فری ملکوں میںکسی کو لٹکایا جاتا ہے اور نہ کاٹا جاتا ہے لیکن وہاں بیس بیس سال سے موٹروے جیسی کوئی واردات نہیں ہوئی‘ کیوں؟

کیوں کہ ان ملکوں نے سزا پر توجہ نہیں دی‘ جرائم کنٹرول پر فوکس کیا جب کہ ہم معاشرے کو 21 ویں صدی سے واپس 15ویں صدی میں لے جانا چاہتے ہیں‘ ہم اپنی پنجابی سوچ کے ذریعے ملک کو مزید برباد کرنا چاہتے ہیں۔آپ سانحہ موٹروے کے ذمہ داروں کو بے شک سزائے موت دیں لیکن انہیں سرعام لٹکا کر پورے ملک کو بیمار نہ کریں ‘ انسان کو مرتے ہوئے دیکھنا دنیا کا سب سے مشکل کام ہوتا ہے‘انسان جب یہ دیکھتا ہے تو یہ اس کے بعد بیلنس نہیں رہ سکتا لہٰذا اس بیمار معاشرے پر مہربانی فرمائیں‘ اسے مزید بیمار نہ کریں‘ لوگ پاگل ہو جائیں گے۔



کالم



کرسمس


رومن دور میں 25 دسمبر کو سورج کے دن (سن ڈے) کے طور…

طفیلی پودے‘ یتیم کیڑے

وہ 965ء میں پیدا ہوا‘ بصرہ علم اور ادب کا گہوارہ…

پاور آف ٹنگ

نیو یارک کی 33 ویں سٹریٹ پر چلتے چلتے مجھے ایک…

فری کوچنگ سنٹر

وہ مجھے باہر تک چھوڑنے آیا اور رخصت کرنے سے پہلے…

ہندوستان کا ایک پھیرا لگوا دیں

شاہ جہاں چوتھا مغل بادشاہ تھا‘ ہندوستان کی تاریخ…

شام میں کیا ہو رہا ہے؟

شام میں بشار الاسد کی حکومت کیوں ختم ہوئی؟ اس…

چھوٹی چھوٹی باتیں

اسلام آباد کے سیکٹر ایف ٹین میں فلیٹس کا ایک ٹاور…

26نومبر کی رات کیا ہوا؟

جنڈولہ ضلع ٹانک کی تحصیل ہے‘ 2007ء میں طالبان نے…

بے چارہ گنڈا پور

علی امین گنڈا پور کے ساتھ وہی سلوک ہو رہا ہے جو…

پیلا رنگ

ہم کمرے میں بیس لوگ تھے اور ہم سب حالات کا رونا…

ایک ہی بار

میں اسلام آباد میں ڈی چوک سے تین کلومیٹر کے فاصلے…