واشنگٹن (این این آئی )امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز ایک بار پھر ایران کو دھمکی لگائی ہے کہ وقت ہاتھ سے نکلا جا رہا ہے اور اب کی بار ایران پر کیا جانے والا حملہ پہلے سے زیادہ خوفناک اور تباہ کن ہوگا۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا ضروری ہے کہ ایران ڈیل کر لے ورنہ امریکی بحری بیڑہ تیزی سے ایران کی طرف جا رہا ہے۔ٹروتھ سوشل پر اپنے ایک طویل بیان میں امریکی صدر نے ایک بار پھر امریکی بحری بیڑے ابراہم لنکن کے ایران کی طرف تیزی سے جانے کا ذکر کیا اور کہا کہ بحری بیڑہ پوری قوت، جذبے اور مقصد کے تحت ایران کی طرف رواں دواں ہے۔
ٹرمپ نے خبردار کیا کہ یہ ایک بڑا بحری بیڑہ ہے جس پر بڑے جنگی طیارے موجود ہیں۔ ایران کو یہ سمجھنا چاہیے کہ یہ وینزویلا بھیجے گئے امریکی بحری بیڑے سے بڑا بحری بیڑہ ہے تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ بڑا بحری بیڑہ ایران کے نزدیک بھیجنے کا مقصد ایران میں پہلے سے زیادہ تباہی کرنا ہے یا محض وینزویلا کے صدر اور اہلیہ کی طرح ایرانی عہدیداروں اور ان کے اہلخانہ کو بھی بڑی تعداد میں اغوا کرنے کی دھمکی ہے۔















































