ابوظہبی (این این آئی )متحدہ عرب امارات کی وزارت انسانی وسائل و امارات کاری نے بیرون ملک موجود ہنر مند اور غیر ہنر مند افراد کے لیے ورک پرمٹ حاصل کرنے کا طریقہ کار آسان بنا دیا ہے۔ یہ عمل صرف آجر ہی شروع کر سکتا ہے۔میڈیارپورٹس میں کہاگیاکہ وزارت کے مطابق، ورک پرمٹ حاصل کرنے کے لیے چار مراحل پر عمل کرنا ہوگا: آجر کویو اے ای پاس یا ڈیجیٹل آئی ڈی کے ذریعے لاگ ان کرنا ہوگا۔ درخواست وزارت کی آن لائن سروسز کے ذریعے جمع کروانی ہوگی۔
مطلوبہ دستاویزات مکمل ہونے پر درخواست الیکٹرانک طور پر منظور کی جائے گی، بصورت دیگر دوبارہ جمع کرانے کی ہدایت دی جائے گی۔ منظوری کے بعد حکومتی فیس اور انشورنس یا بینک گارنٹی جمع کرانا ہوگی، اور ملازمت کی آفر لیٹر منسلک کرنا ضروری ہوگا۔وزارت ہنر مند ملازمتوں کے لیے تعلیمی اسناد کی تصدیق وزارت تعلیم سے کروائے گی، جو دو ہفتوں میں مکمل ہوگی۔ مطلوبہ دستاویزات میں پاسپورٹ کاپی، رنگین تصویر اور تصدیق شدہ تعلیمی سند شامل ہیں۔اگر کسی کی تنخواہ 4,000 درہم سے کم ہو تو وہ ہنر مند کے زمرے میں شمار نہیں ہوگا، چاہے اس کے پاس سند ہو۔ مخصوص پیشوں جیسے ڈاکٹر، استاد، کوچ، اور وکیل کے لیے پیشہ ورانہ لائسنس درکار ہوگا، جو متعلقہ اماراتی ادارے جاری کریں گے۔
پاکستان، افغانستان، عراق اور ایران سے درخواست دہندگان کو اپنا قومی شناختی کارڈ دونوں طرف کی واضح تصاویر کے ساتھ جمع کرانا ہوگا۔ادارے کے پاس درست تجارتی لائسنس، کوئی خلاف ورزی نہ ہو، الیکٹرانک کوٹہ دستیاب ہو اور دستخط کا قانونی اختیار ہونا ضروری ہے۔ کارکن کی عمر کم از کم 18 سال ہو اور اس کے پاس پہلے سے فعال ورک پرمٹ نہ ہو۔ورک پرمٹ جاری ہونے کے چھ ماہ کے اندر تبدیلی کی اجازت ہے بشرطیکہ قومیت تبدیل ہو مگر ملازمت کا عنوان اور جنس وہی رہے۔ پرانا انٹری پرمٹ وفاقی ادارے کے ذریعے منسوخ کرانا ہوگا۔