لزبن (این این آئی)پرتگال کی معروف رئیل سٹیٹ کمپنی نے مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے حیران کن کامیابی حاصل کر لی۔ کمپنی نے جدید AI ایجنٹ کی مدد سے 100ملین ڈالر کی فروخت مکمل کر لی جو رئیل اسٹیٹ انڈسٹری میں ایک تاریخی سنگ میل ثابت ہوا ہے۔کمپنی کے سی ای او جوا سیلیا کے مطابق اے آئی ایجنٹ نے اپنی تیز رفتاری اور درستگی کی بدولت روایتی مشیروں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
انہوں نے کہا ایک انسان کیلئے 5000سے زائد پراپرٹیز کی مکمل تفصیلات یاد رکھنا ناممکن ہے، لیکن AIایجنٹ ہر چیز جانتا اور فوری جواب فراہم کرتا ہے۔یہ AI ایجنٹ 24/7دستیاب رہتا ہے جس سے خاص طور پر امریکہ اور برازیل جیسے مختلف ٹائم زون کے گاہکوں کو فائدہ پہنچا ہے۔ صارفین صرف اپنی بنیادی معلومات جیسے شہر، بجٹ اور بیڈ رومز کی تعداد درج کرتے ہیں اور AIفوری طور پر بہترین پراپرٹیز کی تلاش مکمل کر لیتا ہے۔
اس کے علاوہ، یہ ورچوئل ٹورز اور پراپرٹی کی تفصیلی معلومات بھی فراہم کرتا ہے۔کمپنی کے سی ای او ایلن بیکر نے کہا ہے کہ ان کی ٹیکنالوجی محض جوابات دینے تک محدود نہیں بلکہ ویڈیو اور امیج شیئرنگ کی صلاحیت بھی رکھتی ہے، جو صارفین کو ایک مکمل انٹرایکٹو تجربہ فراہم کرتی ہے۔ماہرین کا ماننا ہے کہ AIکی مدد سے رئیل اسٹیٹ میں جسمانی مشیروں پر انحصار کم ہو جائے گا، جس سے پراپرٹی لین دین زیادہ موثر اور لاگت میں کمی کا باعث بن سکتا ہے۔