اسلام آباد (نیوزڈیسک) دبئی میں مقیم برطانوی نژاد خاتون ملائیکہ راجہ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ماں بننے کے لیے اپنے شوہر سے 33 کروڑ بھارتی روپے (تقریباً 14.5 ملین درہم) لیے، جس پر ان کے شوہر نے بغیر کسی اعتراض کے رضامندی ظاہر کر دی۔بھارتی میڈیا کے مطابق، ملائیکہ راجہ نے بتایا کہ انہوں نے ابتدا میں ہی اپنے شوہر کے سامنے یہ شرط رکھی تھی کہ جب تک انہیں اور ان کے بچے کے مالی مستقبل کی مکمل ضمانت نہ ملے، وہ ماں نہیں بنیں گی۔
ملائیکہ کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر نے ان کی یہ شرط قبول کر لی اور یہ رقم ادا کی، جس میں سے 70 لاکھ روپے ان کی اور بچے کی صحت و نگہداشت پر خرچ ہوئے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اپنے بچے کے لیے ایک شاندار گھر خریدنے پر 15 کروڑ روپے خرچ کیے، جبکہ 86 لاکھ روپے گھر کی تزئین و آرائش پر لگائے گئے۔ اس کے علاوہ، 70 لاکھ روپے کے قیمتی زیورات اور بیٹی کے لیے ڈیزائنر کپڑوں کی خریداری بھی کی گئی۔ملائیکہ راجہ کے مطابق، ان کی اپنے شوہر سے پہلی ملاقات 2017 میں ہوئی تھی اور اسی سال دونوں نے شادی کر لی تھی۔ انہوں نے کھل کر اعتراف کیا کہ یہ شادی انہوں نے مالی استحکام کے لیے کی تھی اور پہلے دن سے ہی واضح کر دیا تھا کہ وہ ماں اسی صورت بنیں گی جب انہیں اور ان کے بچے کو مالی تحفظ حاصل ہوگا۔