نئی دہلی (این این آئی )بھارت کے بڑے بزنس گروپ اڈانی گروپ کے مالک گوتم اڈانی کے سب سے چھوٹے صاحبزادے جیت اڈانی ایک سادہ تقریب میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔میڈیارپورٹس کے مطابق جیت اڈانی کی کاروباری شخصیت جیمین شاہ کی بیٹی دیوا جیمین شاہ سے شادی ہوئی، تقریب کی تصاویر ان کے والد گوتم اڈانی نے ایک خوبصورت پیغام کے ساتھ شیئر کی ہیں، اس کے ساتھ ہی گوتم اڈانی نے 10 ہزار کروڑ عطیہ کرنے کا بھی اعلان کیا ۔
گوتم اڈانی نے شادی کی تصاویر شیئر کرنے کے ساتھ پیغام لکھا کہ، جیت اور دیوا آج شادی کے مقدس بندھن میں بندھ گئے۔ یہ تقریب احمد آباد میں روایتی رسومات کے ساتھ قریبی احباب کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔بھارتی بزنس مین نے تقریب سے متعلق بتاتے ہوئے لکھا کہ یہ تقریب انتہائی نجی تھی، جس کی وجہ سے ہم تمام خیرخواہوں کو مدعو نہیں کر سکے، جس کے لیے میں معذرت خواہ ہوں، میں دیوا اور جیت کیلیے سب کی محبت اور دعاں کا طلب گار ہوں۔