نئی دہلی (این این آئی )خوبصورت اور صحت مند بال دلکش شخصیت کے عکاس ہوتے ہیں لیکن اگر سر پر بال نہ ہوں تو لوگ اپنی شخصیت کو مکمل نہیں سمجھتے اور مختلف ٹریٹمنٹس، نسخے ٹوٹکے اور سو سو جتن کرتے ہیں تاکہ اپنی شخصیت کی اس کمی کو پورا کرسکیں۔ اگر بال گرنے لگیں جسے عرف عام میں ہیئر فال کہا جاتا ہے تب بھی لوگوں کی پریشانی کا عالم نہ پوچھیں۔
بھارتی ٹی وی کے مطابق مہاراشٹر کے تین دیہاتوں میں ایک عجیب و غریب صورتِ حال کا سامنا ہے جس کی وجہ سے لوگ تشویش میں مبتلا ہو رہے ہیں ان علاقوں میں مرد، خواتین اور بچے اچانک بالوں کے گرنے اور گنجے ہونے کا سامنا کر رہے ہیں۔ ضلع بلڈھانہ کے ان دیہات میں تقریبا 30 سے 40 فیصد لوگوں کے بال گرنے کی اطلاعات ہیں، حکام اس معاملے کی تحقیقات کے لیے حرکت میں آ چکے ہیں۔پریشان کن اور حیران کن بات یہ ہے کہ بعض صورتوں میں لوگوں کے بال کچھ ہی دنوں میں مکمل طور پر جھڑ جاتے ہیں اور لوگ گنجے ہورہے ہیں۔یہ بات ایک معمہ بنی ہوئی ہے کہ اچانک بال گرنے کی کیا وجوہات ہوسکتی ہیں، وہاں کوئی خاص بیماری پھیل رہی ہے یا وہاں کی غذا یا پانی میں کوئی عنصر، بیکٹریا یا وائرس ذمہ دار ہے۔ واقعات کے منظر عام پر آنے کے بعد پورے ضلع میں خوف و ہراس پھیل گیا۔