نئی دہلی (این این آئی )بھارت میں ایک شخص نے دوست کے ساتھ گاڑی میں جانے پر بیوی سمیت گاڑی کو جلا دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاستِ کیرالہ میں پیش آیا ہے جہاں انیلہ نامی خاتون اپنے ایک دوست کے ساتھ گاڑی میں سفر کر رہی تھی جو شوہر کو ایک آنکھ نہ بھایا۔
پولیس نے بتایا ہے کہ شوہر پدم راجن نے اپنی بیوی کی گاڑی کا پیچھا کیا اور اسے کولم سٹی ایسٹ پولیس اسٹیشن کی حدود میں روک لیا، غصے سے بھرے شوہر نے بیوی کی گاڑی پر پیٹرول ڈال کر اسے آگ لگا دی جس سے خاتون اور اس کا دوست بری طرح زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق خاتون اور اس کے دوست کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دورانِ علاج چل بسی جب کہ اس کے دوست کا علاج جاری ہے۔پولیس کا کہنا تھاکہ واقعے پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔