برن(این این آئی)سوئٹزر لینڈ میں خواتین کے برقعہ پہننے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ اور باقاعدہ تاریخ کا اعلان کردیاگیاہے۔غیرملکی میڈیاکی رپورٹ کے مطابق یورپی ملک سوئٹزر لینڈ کے برقعے پر پابندی کے متنازعہ فیصلہ پر عمل درآمد ہونے کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔سوئٹزر لینڈ میں برقعے پر پابندی کے فیصلہ پر عمل درآمد یکم جنوری 2025 سے ہوگا اس تاریخ کا اعلان سوئس حکومت کی جانب سے کیا گیا۔
مسلمان خواتین کے عوامی مقامات پر برقع اوڑھنے پر پابندی کا اعلان کر رکھا ہے۔سوئس حکومت کی فیڈرل کونسل نے بیان جاری کیا کہ ہم نے برقعے پر پابندی کو عملی طور پر نافذ کرنے کی تاریخ طے کر دی ہے۔تاہم اس اعلان میں کہا گیا کہ یہ پابندی جہازوں اور سفارتی جگہوں پر نہیں ہو گی ، نیز عبادت گاہوں میں بھی مسلمان خواتین نقاب کر سکیں گی۔کونسل کے جاری کردہ بیان کے مطابق چہرے کو چھپانے کی صحت اور تحفظ کی ضرورتوں کے پیش نظر بھی اجازت ہو گی۔
رسم و رواج اور موسمی شدت سے بچنے کے لیے بھی پردے کی اجازت ہو گی۔ اسی طرح فنکارانہ ضرورتوں کے تحت بھی چہرہ ڈھانپنے کی اجازت ہوگی۔بیان میں کہا گیاکہ کسی خاتون کو اپنی حفاظت کے لیے بھی پردے کی ضرورت ہو تو اسے اجازت ہو گی۔