علیگودرز(این این آئی) ایک ایرانی شہری جسے سڑک کے کنارے پڑے کچرے سے سونے اور ڈالروں سے بھرا بیگ ملا، نے اس بیگ کو مالک کو واپس کرکے نیکی کی زبردست مثال قائم کردی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق 52 سالہ نامعلوم شہری جو کہ ایرانی شہر علی گودرز کا رہائشی ہے، نے مقامی نیوز کو بتایا کہ میرے والدین نے مجھے بچپن سے سکھایا تھا کہ جب بھی کوئی چیز پڑی ملے، اسے اپنے پاس نہیں رکھنی چاہیے بلکہ اسکے مالک کو واپس کردینا چاہیے۔
شہری کا کہنا تھا کہ مجھے یہ تھیلا سڑک کے کنارے رکھے کوڑے دان میں تلاشی کے دوران ملا۔ اس تھیلے کے اندر سونا اور ڈالرز موجود تھے جن کی قیمت 20 ارب ریال بتائی گئی ہے۔ میں نے یہ بیگ کچھ دنوں تک اپنے پاس رکھا اور مالک کو تلاش کیا کیونکہ گناہ کا خوف مجھ پر غالب تھا۔شہری نے مزید کہا کہ بیگ میں ایک بینک کارڈ بھی تھا جس کے ذریعے میں مالک کو تلاش کرنے میں کامیاب ہوا۔ یہ بیگ 50 سال کی ایک خاتون کا تھا جسے ان کے پوتے نے کچرے کا تھیلا سمجھ کر پھیک دیا تھا۔