اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بھارت کی ریاست تامل ناڈو میں سونے سے بھرے 2 ٹرک پکڑ لیے جس میں 1425 کلو (35 من سے زائد) سونے کی سلاخیں موجود تھیں۔انڈین میڈیا کے مطابق الیکشن کمیشن کے فلائنگ اسکواڈ نے تامل ناڈو کانچی پورم ضلع کے منجور ونڈالور آؤٹر رنگ روڈ پر گاڑیوں کی تلاشی کے دوران سونے سے بھرے ہوئے دو ٹرک پکڑ لیے۔
یہ ٹرک منجور سے سریپرمبدور کی طرف تیز رفتاری سے جا رہے تھے۔رپورٹ کے مطابق تلاشی لینے پر ان ٹرکوں سے 1425 کلو گرام سونے کی سلاخیں برآمد ہوئیں، جنہیں ضبط کر لیا ہے۔ پکڑے جانے والے سونے کی مالیت 700 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے اور یہ سونا ضروری دستاویزات کے بغیر دوسری جگہ منتقل کیا جا رہا تھا۔