انقرہ(این این آئی)ترکیہ کے پہلے خلا باز انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن (آئی ایس ایس)پر پہنچ گئے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق 44 سالہ Alper Gezeravci دیگر 3 یورپی خلا بازوں کے ساتھ اسپیس ایکس کے راکٹ کے ذریعے آئی ایس ایس پر پہنچے۔Axiom اسپیس نامی پرائیویٹ کمپنی کا یہ مشن 18 جنوری کو ناسا کے کینیڈی اسپیس سینٹر سے روانہ کیا گیا تھا۔ترک خلا بازAxiom تھری مشن کے تحت آئی ایس ایس میں 2 ہفتے گزاریں گے۔Alper Gezeravci نے امریکی ریاست اوہائیو کی ائیر فورس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے ماسٹر’
ڈگری حاصل کی ہے۔وہ ترک فضائیہ میں ایف 16 سمیت دیگر لڑاکا طیارے اڑانے کا 15 سالہ تجربہ رکھتے ہیں۔فوجی کیرئیر سے ہٹ کر وہ ترکش ائیر لائنز میں 7 سال تک کیپٹن کے طور پر کام کرتے رہے ہیں۔یہ پہلا ایسا مشن ہے جس میں تمام یورپی خلا باز شامل ہیں۔ترک صدر رجب طیب اردوان نے اسے ترکیہ کے لیے تاریخی لمحہ قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اس خلائی مشن کے ساتھ ترک جمہوریت کی دوسری صدی میں قدم رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ سائنس کی تاریخ میں اہم کردار ادا کرنے والی تہذیب کے جانشین ہونے کی حیثیت سے ہم نے نئے باب کا آغاز کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پہلی بار ہم نے اپنے ایک شہری کو خلا میں بھیجا ہے تاکہ نوجوان نسل میں اپنے خوابوں کو پورا کرنے کا جذبہ پیدا ہوسکے۔واضح رہے کہ ترکیہ نے 2022 میں Axiom اسپیس کے ساتھ معاہدہ کیا تھا تاکہ وہ اپنے شہریوں کو خلائی مشنز پر بھیج سکے۔