ماسکوبرلن(این این آئی)جرمن اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ روس تیسری جنگ عظیم شروع کرسکتا ہے جبکہ جرمنی روس کے خلاف مسلح جنگ کی تیاری کر رہا ہے۔جرمن اخبار نے ان معلومات کو جرمن وزارتِ دفاع سے حاصل کردہ خفیہ دستاویزات سے منسوب کیا۔جرمن اخبار نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ روس اگلے سال نیٹو کے اتحادی ممالک پر حملہ کر کے یوکرین کے خلاف جنگ کو بڑھا سکتا ہے جو تیسری عالمی جنگ کے ممکنہ آغاز کی طرف اشارہ ہے۔جرمن اخبار نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ کشیدگی کا آغاز چند ہفتوں میں ہوجائے گا اور ہزاروں جرمن فوجیوں کو جنگ کے لیے بھیجا جائے گا۔
جرمن اخبار نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ مغربی ممالک کی طرف سے فنڈنگ کم ہونے کے سبب روسی افواج یوکرین کے فوجیوں پر حملہ کریں گی۔جرمن اخبار نے اپنی رپورٹ میں یہ بتایا کہ روسی افواج مرحلہ وار کس طرح آگے بڑھے گی اور نیٹو اپنے اتحادیوں کا کیسے دفاع کرے گا۔خفیہ دستاویزات کے مطابق جھڑپیں ستمبر میں بڑھیں گی جس کے بعد روسی صدر ولادیمیر پیوٹن مغربی روس اور بیلاروس میں تقریباً 50 ہزار روسی فوجیوں کو بھیج سکتے ہیں۔دوسری جانب روسی حکام نے جرمن اخبار کی رپورٹ پر تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے اسے جعلی قرار دے دیا۔