بغداد(این این آئی)عراقی دارالحکومت بغداد کی عدالت نے صدام حسین کی جلاوطن بیٹی کو اس کی غیر حاضری میں سات سال کے لیے سزائے قید سنائی ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ سزا اپنے والد کی کالعدم جماعت بعث پارٹی کا چرچا کرنے کے جرم میں دی گئی ۔عراقی بعث پارٹی کو 2003 میں امریکی حملے کے نتیجے میں صدام کا تحتہ الٹنے کے بعد کالعدم کر دیا گیا تھا۔ اب بھی بعث پارٹی کالعدم ہے۔عدالتی فیصلے کے مطابق راغد صدام حسین کو اس جرم میں ملوث پایا گیا ہے کہ وہ کالعدم بعث پارٹی کی سرگرمیوں کو فروغ دینا چاہتی تھیں۔ اس سلسلے میں 2021 کو راغد کے ٹی وی انٹرویوز کو بنیاد بنایا گیا ہے جو انہوں نے دیے تھے۔
انہی انٹرویوز کے دوران انہوں نے اپنے والد کی دور حکومت اور ان کی بعث پارٹی کی تعریف کی تھی۔عراق میں معزول کردہ عراقی صدام رجیم کا کسی فرد کی طرف سے تصویروں میں ذکر کرنا، اس کے حق میں کوئی نعرہ بلند کرنا قابل سزا جرم ہے۔تاہم بغداد میں عدالت نے صدام حسین کی بیٹی کو سزا سناتے ہوئے 2021 کے ان انٹرویوز کا کوئی متعین ذکر کیا ہے نہ حوالہ دیا ہے۔ جن کی بنیاد پر یہ سزا دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔