مقبوضہ غزہ(این این آئی)اسرائیل کی حکومت نے غزہ کی مکمل ناکا بندی کر کے بجلی، پانی، خوراک اور ایندھن کی فراہمی بند کر دی ہے جس کے بعد اب اسپتالوں کے مردہ خانوں میں تبدیل ہونے کا خطرہ ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک بیان میںعالمی فلاحی تنظیم ریڈ کراس نے کہاکہ غزہ شہر کے مرکزی اسپتال میں جنریٹرز کے لیے صرف 4دن کا ایندھن بچا ہے۔
ریڈ کراس کے علاقائی ڈائریکٹر برائے مشرقِ وسطی ہشام مہانا کا کہنا تھا کہ غزہ میں بجلی کی کمی کے باعث اسپتالوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے اور بجلی بند ہونے سے اسپتالوں کے مردہ خانوں میں تبدیل ہونے کا خطرہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ غزہ کے واحد بجلی گھر نے ایندھن کی قلت کی وجہ سے گزشتہ روز کام کرنا بند کر دیا تھا۔ہشام مہانا نے اپیل کی کہ فریقین سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ شہریوں کی مشکلات کم کریں۔