لندن(این این آئی)امریکا نے کہا ہے کہ حماس کی جانب سے اسرائیل پر حملوں کا مقصد اسرائیل اور سعودی عرب کے درمیان ممکنہ طور پر تعلقات کی بحالی کی کوششوں کو سبوتاژ کرنا ہو سکتا ہے۔انٹونی بلینکن نے عرب ٹی وی سے بات چیت میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات حیران کن نہ ہو گی کہ اس کارروائی کا مقصد اسرائیل اور سعودی عرب کو یکجا ہونے سے روکنا اور ان ممالک کو بھی روکنا ہو گا جو اسرائیل کے ممکنہ طور تعلقات بحال کرنا چاہتے ہیں۔
بلینکن نے مزید کہا کہ امریکا نے اسرائیل میں متعدد امریکیوں کے ہلاک اور لاپتا ہونے کی رپورٹس کا بھی نوٹس لیا ہے اور واشنگٹن ابھی تفصیلات اور اعداد و شمار کی تصدیق کر رہا ہے۔انٹونی بلینکن نے مزید کہا کہ اتوار کے روز زیادہ تر اسرائیل میں نسبتا امن تھا لیکن غزہ میں شدید لڑائی ہوئی جہاں اس علاقے میں فلسطینی نوجوانوں کی جانب سے حالیہ عرصے میں متعدد مظاہرے کیے گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کو اسرائیل میں اس حملے کے پیچھے ایران کا ہاتھ ہونے کا ابھی تک کوئی ثبوت نہیں ملا ہے تاہم ہم نے غزہ پر حکومت کرنے والی ایران اور حماس کے درمیان دیرینہ تعلقات کا مشاہدہ کیا ہے۔