نیویارک(این این آئی)سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس کے مالک ایلون مسک نے تمام صارفین سے ماہانہ فیس وصول کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق، ایلون مسک نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سوشل میڈیا پر موجود لاکھوں جعلی اکاونٹس کو بلاک کرنے کے لیے سسٹم کے استعمال کے لیے کچھ ماہانہ فیس وصول کرنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔
ابھی اس حوالے سے کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ انہوں نے یہ بات یونہی سرسری کہی یا پھر اس حوالے سے وہ سنجیدگی سے سوچ رہے ہیں۔فی الحال تمام صارفین سوشل میڈیا ویب سائٹ کو مفت میں ہی استعمال کر رہے ہیں۔لیکن اگر تمام صارفین سے ماہانہ فیس وصول کرنے کا فیصلہ کیا جاتا ہے تو سوشل میڈیا ویب سائٹ کے صارفین کی تعداد کم ہوسکتی ہے۔یہاں تک کہ یہ فیصلہ کمپنی کی آمدنی کے بنیادی ذریعے یعنی کہ اشتہارات سے موصول ہونے والی آمدنی کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔