برسلز(این این آئی)معاہد ہ شمالی اوقیانوس کی تنظیم نیٹوکے سربراہ جینز سٹولٹن برگ نے کہا ہے کہ یوکرین روس کی جارحیت کو شکست دے سکتا ہے اور یہ جنگ جیت سکتا ہے۔فوجی اتحادیوکرائن کو فوجی امداد بھیجنے کا سلسلہ جاری رکھے۔میڈیارپورٹس کے مطابق
سٹولٹن برگ نے جرمن دارالحکومت برلن میں منعقدہ نیٹو کے جلاس میں کہاکہ یوکرین کے باشندے بہادری سے اپنے وطن کا دفاع کررہے ہیں، ہمیں یوکرین کی حمایت میں اپنے قدم بڑھانا چاہئیں اوراس کی امداد کو برقراررکھنا چاہیے۔انھوں نے کہا کہ یوکرین میں روس کی جنگ اس طرح نہیں چل رہی جیسا کہ روس نے منصوبہ بنایا تھا۔نیٹوکے سربراہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے صحافیوں کو بتایا کہ روسی فوجی کیف پر قبضے میں ناکام رہے ہیں۔ وہ یوکرین کے ایک اورشہرخارکیف سے پیچھے ہٹ رہے ہیں اور ڈونبس میں ان کی بڑی جارحیت رک چکی ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ اتحاد عبوری مدت کے لیے فن لینڈ اور سویڈن کو رکنیت دینے اور ان کی الحاق کی درخواست کے دوران سکیورٹی ضمانتیں مہیا کرنے پرغورکرے گا۔نیٹوکے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ فن لینڈ اورسویڈن عبوری مدت کے بارے میں فکر مند ہیں،ہم اس (رکنیت کے)عمل کو تیزکرنے کی کوشش کریں گے۔ہم خطے میں نیٹو کی موجودگی بڑھانے سمیت سلامتی کی یقین دہانیاں فراہم کرنے کے طریقوں پرغور کریں گے۔