ماسکو (این این آئی )روس کی وزارت دفاع نے اوڈیسا کے نزدیک یوکرینی افواج کو امریکا اور یورپی ممالک کی جانب سے مہیا کردہ ہتھیاروں اور گولہ بارود کے ایک ڈپو پرفوج کے میزائل حملے کی اطلاع دی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا کہ روسی مسلح افواج نے اوڈیسا کے قریب فوجی ہوائی اڈے پر ایک لاجسٹک ٹرمینل پرہدف کو ٹھیک ٹھیک نشانہ بنانے اورطویل فاصلے تک مارکرنے والے میزائل داغے ۔اس جگہ امریکا اور یورپی ممالک کی جانب سے مہیا کردہ غیرملکی ہتھیاروں کا ایک بڑا ذخیرہ جمع کیا گیا تھا۔وزارت نے مزید بتایا کہ روسی فوج نے میزائلوں کے ذریعے یوکرین میں مجموعی طور پر22 فوجی مقامات کو نشانہ بنایا۔ ان میں الیچیوفکا اور کرماٹورسک کے قریب اسلحہ اور گولہ بارود کے تین ڈپو بھی شامل تھے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ روسی جنگی طیاروں نے 79 فوجی مقامات پربمباری کی ہے۔ان میں ہتھیاروں اورایندھن کے 16ڈپوں کو بھی ہدف بنایا گیا ۔