ریاض (این این آئی)سعودی عرب کی فوجی صنعتوں کی کمپنی سامی نے طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کے ساتھ مملکت مرتکزمشترکہ منصوبے میں شمولیت کے ابتدائی سمجھوتے کا اعلان کردیاہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سامی نے اپنی ویب سائٹ پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں کہا کہ اس شراکت داری سمجھوتے پرمارچ میں الریاض میں منعقدہ عالمی دفاعی شو کے موقع پردست خط کیے گئے تھے ۔سامی کے چیف ایگزیکٹو آفیسرولید ابوخالد نے کہا کہ جب ہم مضبوط دفاعی صنعت کے لیے اپنے وژن 2030 کے عزائم کے ادراک کی طرف بڑھ رہے ہیں تو بوئنگ جیسے صنعتی لیڈروں کے ساتھ ہمارے دیرینہ تعلقات ہماری کامیابی کو مزید تقویت دیں گے۔انھوں نے کہا کہ اس وقت اس کام کازیادہ ترحصہ امریکا یا یورپ کوآئوٹ سورس کیا گیا ہے جبکہ اگلے دس سال میں مملکت میں طیاروں کی تعداد دگنا ہونے کی توقع ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم اس مشترکہ منصوبے کو بوئنگ اور سامی کے درمیان وسیع ترتزویراتی شراکت داری کی جانب پہلے قدم کے طور پر بھی دیکھتے ہیں جو مستقبل میں اضافی پلیٹ فارمز اور خدمات کا احاطہ کرے گا۔