واشنگٹن(این این آئی )مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوِئٹر نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنے کی دھمکی کے پس منظر میں ایرانی رہ نما علی خامنہ ای کا اکائونٹ معطل کر دیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق خامنہ ای نے دو سال قبل ایرانی قدس فورس کے کمانڈر قاسم سلیمانی کے
قتل کے پس منظر میں سابق امریکی صدر کے قتل کی فرضی نقل کرتے ہوئے ایک ویڈیو کلپ شائع کیا تھا۔ایرانی خبررساں ایجنسی نے کہا کہ ٹوئٹر نے رہبر انقلاب کا سرکاری اکائونٹ بند کر دیا۔ادھر امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان کے ترجمان جان کربی نے خامنہ ای کے ٹوئٹر اکائونٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس سے آگاہ ہیں اور اسے خطے میں ایران کی تخریبی سرگرمیوں کا حصہ اور ہماری سلامتی کے لیے خطرہ سمجھتے ہیں۔کربی نے کہا کہ ویڈیو کا مواد شام، مشرق وسطی اور خطے میں دہشت گرد نیٹ ورکس کے لیے ایران کی حمایت اور عراق اور شام میں ہماری افواج پر حملہ کرنے والے شدت پسند گروپوں کی حمایت کا تسلسل ہے۔