ابوظہبی(این این آئی)متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم اور حاکمِدبئی شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے مالی سال 2022سے2024 تک کے لیے امارت دبئی کے بجٹ کی منظوری دے دی ہے۔اس میں مجموعی طور پر49 ارب ڈالر( (181 ارب درہم کے اخراجات ہوں گے۔میڈیارپورٹس کے مطابق
دبئی کے میڈیا دفتر کی جانب سے جاری کردہ ایک ٹویٹ میں بتایا گیا کہ مالی سال 2022 کے بجٹ میں16.3 ارب ڈالر(59.95ارب درہم)کے اخراجات شامل ہیں۔دبئی کے نائب حاکم شیخ حمدان بن محمد نے ٹویٹر پر ایک بیان میں کہا کہ دبئی کا عام بجٹ امارت کی معیشت کی بنیادی طاقت اور مستحکم بنیاد کی عکاسی کرتا ہے اور یہ اس کی مستقبل کی معاشی خواہشات کے حصول کی حمایت کرتا ہے۔انھوں نے کہا کہ دبئی کی حکومت عالمی اقتصادی مرکز کے طور پر امارت کی حیثیت قائم کر رہی ہے اور محمد بن راشد کے وژن کو حاصل کرنے، پائیدار ترقی کے حصول اور اعلی ترین بین الاقوامی معیارات اور عالمی کارکردگی کے اشاریوں کے مطابق سرکاری امور کی بہتری کے لیے مختلف ترقیاتی مراکزاور اہم شعبوں میں اس کی مسابقانہ صلاحیت میں اضافہ کر رہی ہے۔شیخ حمدان کا کہنا تھا کہ نیا بجٹ امارت کے مستقبل کے عزائم کو پورا کرنے،میکرواکنامکس کوفعال کرنے اور دبئی اسٹریٹجک پلان 2030 کے مقاصد کی تائید کے ساتھ ساتھ دبئی حکومت کی کوششوں اورانٹرپرینیورشپ کو فروغ دینے اورمتحرک کرنے کی مسلسل کوششوں کاعکاس ہے۔