ریاض (این این آئی )سعودی عرب کے شمالی علاقوں میں ہونے والی برف باری نے جہاں سردی کی شدت میں مزید اضافہ کیا ہے وہیں شہریوں کے لیے برف باری سے لطف اندوز ہونے کا موقع بھی فراہم کیاہے ۔ سفید مہمان کی آمد پر شہریوں نے گھروں سے باہر نکل کربرف میں کھڑے ہو کر روایتی عرب ڈانسدح سے استقبال کیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس موقعے پرکیمروں میں بنائی گئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں
جنہیں صارفین نے بے حد پسند کیا ۔سوشل میڈیا پر پھیلنے والی درجنوں ویڈیوز اور کلپس میں تبوک کے علاقے کے لوگوں کو برف باری کا جشن مناتے دکھایا گیا۔ مملکت کے شمالی علاقوں میں جبل اللوز پر گرنے والی برف باری کے موقعے پر شہریوں نے دح رقص سے استقبال کیا۔زیر گردش کلپس میں کئی مردوں کو قطار میں کھڑے تالیاں بجاتے اور گاتے دکھایا گیا۔ان میں سے ایک نوجوان کو دح ڈانس کی پرفارمنس کرتے دکھایا گیا ہے۔