برلن(این این آئی)جرمنی میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں پھر سے اضافہ شروع ہو گیا ہے۔ برلن میں بزرگ افراد کا ایک مرکز بھی وائرس نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق حالیہ دو ہفتوں کے دوران دوسرے یورپی ممالک کی طرح جرمنی میں بھی کووڈ انیس بیماری سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس صورت حال کی
وجہ سے حکام میں تشویش کی لہر پھیل گئی ہے۔اس دوران جرمن دارالحکومت برلن کے ایک سینیئر سیٹیزن ہائوس کے تمام بزرگ مکین کورونا وائرس سے پھیلنے والی کووڈ انیس کی بیماری میں مبتلا ہو گئے ۔ ان کے ساتھ ساتھ اس مرکز کے عملے کے پندرہ افراد میں بھی بیماری کی تشخیص ہوئی ہے۔برلن کے شمال میں واقع علاقے شورف ہائیڈے کے بزرگ شہریوں کے مرکز کے سارے مکینوں سمیت نگران عملے میں کووڈ انیس کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ضلعی محکمہ صحت نے اس مرکز میں کووڈ انیس کی بیماری پھیلنے کی تصدیق کر دی ۔جرمن میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر کلاس رائن ہارٹ نے جرمن حکومت سے اپیل کی کہ ستر برس یا اس سے زائد عمر کے افراد کو کورونا ویکسین کی تیسری خوراک دینا ضروری ہو گیا ہے، ان کے مطابق ایسا کرنے سے ان بڑی عمر کے افراد کا کووڈ انیس میں مبتلا ہونے کا خطرہ کم ہو جائے گا۔