مسقط(این این آئی )عمان کے دارالحکومت مسقط کے صنعتی علاقے الرسیل میں ایک اقامتی یونٹ پر پہاڑ گرنے سے دومزدور ہلاک ہوگئے ۔سمندری طوفان شاہین کی وجہ سے موسمی تغیرات کے نتیجے میں اس اقامتی یونٹ پرپہاڑی تودے گرے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق عمان کے
سرچ اینڈ ریسکیو اہلکاروں نے بتایا کہ انھیں دارالحکومت مسقط کے صنعتی علاقے الرسیل میں مزدوروں کی رہائش گاہ پر پہاڑ گرنے کی اطلاع ملی تھی۔اس کے بعدملبے سے دولاشیں نکال لی گئیں۔عمان کے محکمہ موسمیات اور شہری ہوا بازی کے اداروں نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ طوفان کا بھنورمسقط سے قریبا 60 کلومیٹر دور تھا اوراس کے ساتھ 120 کلومیٹر فی گھنٹا یا اس سے زیادہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل رہی تھیں۔حکام نے تصدیق کی کہ ایک بچہ طوفانی بارش کے نتیجے میں سیلاب میں ہلاک ہو گیا ہے جبکہ عمان کے ساحل سے سمندری طوفان شاہین ٹکرانے کے بعد پروازیں معطل کردی گئی ہیں اور اسکول بھی بند کردیے گئے ۔عمان کی قومی کمیٹی برائے ایمرجنسی مینجمنٹ نے بتایا کہ صوبہ مسقط کے علاقے الامارات میں سیلاب میں ایک اور شخص کے لاپتا ہونے کی بھی اطلاع ہے۔عمان کی ایئرپورٹ اتھارٹی نے دارالحکومت مسقط کے ہوائی اڈے سے پروازوں کی آمدورفت سمندری طوفان شاہین کی وجہ سے تاحکم ثانی معطل کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ اورانھیں ری شیڈول کیا جارہاہے۔