ابوظہبی (این این آئی)متحدہ عرب امارات نے طالبان کے قبضے کے بعد افغانستان میں کئی ٹن امدادی سامان بھیجا ہے اوراس مقصد کے لیے یو اے ای سے کابل تک فضائی پل قائم کیا ہے۔اس کے تحت روزانہ کئی ٹن سامان لے کر طیارے کابل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اتر رہے ہیں۔
میڈیارپورٹس کے مطابق امریکا کے قریبی اتحادی متحدہ عرب امارات نے قطر، کویت اور بحرین کے ساتھ افغانستان سے امریکیوں ، دیگرغیرملکیوں اورافغانوں کے انخلا میں بھی اہم کردارادا کیا اور کابل سے اڑان بھرنے والی پروازیں یواے ای میں ابتدائی طور پر اترتی رہی ہیں اور ان پرسوارمسافروں کو وہاں سے بیرون ملک روانہ کیاجاتا رہا ہے۔کابل ہوائی اڈے کے آپریشن مینجر ابراہیم معرافی نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت نے تین ستمبر سے افغانستان میں انسانی امداد بہم پہنچانے کے لیے ایئربرج کوریڈورکوفعال کردیا ہے۔اس دن سے اب تک ہم نے روزانہ کی بنیاد پر11 پروازیں وصول کی ہیں اور ان کے ذریعے 255 ٹن طبی سامان اور اشیائے خورونوش کابل بھیجی گئی ہیں۔معرافی متحدہ عرب امارات کی کمپنی جی اے اے سی کے جنرل منیجر اور ریجنل ڈائریکٹر ہیں۔یہ کمپنی نومبر 2020 سے کابل ہوائی اڈے پر بعض تکنیکی اور سیکورٹی کی خدمات فراہم کرتی رہی ہے۔