واشنگٹن(این این آئی)ایک سینئر امریکی اہلکار نے بتایا ہے کہ افغانستان میں انخلا کے عمل کے دوران کابل میں رہ جانے والے چار امریکیوں نے افغانستان چھوڑ دیا ہے۔
چاروں امریکیوں کی واپسی طالبان کے ساتھ کو آرڈی نیشن سے عمل میں لائی گئی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق انہوں نے کہا کہ طالبان کو ان امریکیوں کا علم تھا۔ طالبان نے ان کی واپسی میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی۔ تاہم امریکی عہدیداروں نے یہ نہیں بتایا کہ انخلا کے عمل میں کسی پڑوسی ملک کی طرف سے کوئی مداخلت کی گئی تھی یا نہیں۔انہوں نے کہاکہ وہ کابل کی صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہے کہ آیا طالبان امریکی شہریوں اور اتحادیوں کے انخلا کی اجازت سے متعلق اپنے وعدے پورے کرتے ہیں یا نہیں۔ اس کے علاوہ امریکا 15 اگست کو کابل پر قبضہ کرنے والے اسلام پسندوں کے ساتھ مستقبل میں معاملات طے کرنے کے طریقہ کار بھی غور کر رہا ہے۔امریکی حکام کا کہنا تھا کہ 100 سے زائد امریکی شہری جن میں دوہری شہریت کے حامل افراد شامل ہیں اب بھی افغانستان میں ہیں۔