ریاض (این این آئی )سعودی عرب کی وزارتِ صحت نے چینی ساختہ دوویکسینوں سائنوفارم یا سائنوویک میں سے کسی کی بھی منظوری نہیں دی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وزارتِ صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے اس ضمن میں آن لائن پھیلائی گئی افواہوں کی تردید کی ۔البتہ انھوں نے ایک بیان میں وضاحت کی کہ جن شہریوں اورمکینوں نے چینی ساختہ ویکسین میں سے کسی ایک کے دونوں انجیکشن لگوالیے ہیں تو وہ سعودی وزارت صحت کی منظورشدہ چار ویکسینوں میں سے کسی ایک کا تقویتی انجیکشن لگواسکتے ہیں۔ترجمان نے ان افواہوں کی بھی تردید کی کہ سعودی عرب میں کروناوائرس کی ویکسین لگوانے والے بعض افراد وفات پا گئے ہیں۔انھوں نے کہا کہ لوگوں کو غیر سرکاری ذرائع سے اڑائی جانے والی افواہوں پر کان نہیں دھرنا چاہیے۔ترجمان نے شہریوں اور تارکین وطن سے کہا کہ وہ ویکیسن لگوانے کے لیے اپنے ناموں کو اندراج کرائیں۔انھوں نے بتایا کہ ویکسین نہ لگوانے والے شہری اور مکین زیادہ تر کووِڈ19کا شکار ہورہے ہیں اور ان ہی میں بیشتر نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔