اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )غزہ / مقبوضہ بیت المقدس: غزہ سمیت مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی دہشت گردی جاری ہے اور عید کے روز مزید 27 فلسطینی شہید ہوگئے جس کے نتیجے میں شہداء کی تعداد 83 ہوگئی۔روزنامہ جنگ کے مطابق غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے،
فلسطینی حکام کے مطابق اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 83 ہو گئی۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق آج صبح اسرائیل نے فضائی حملوں میں 6 منزلہ رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا ہے۔فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات کے اسرائیلی حملوں میں متعدد فلسطینیوں کی شہادت زہریلی گیس سے ہونے کا شبہ ہے۔ فلسطینی حکام کا مزید کہنا ہے کہ شہید افراد سے کیمیائی نمونے لیے گئے ہیں، اس ضمن میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق حماس کی جانب سے بھی اسرائیلی علاقوں میں راکٹ شیلنگ کا سلسلہ جاری رہا، راکٹ حملوں میں ہلاک ہونے والے اسرائیلیوں کی تعداد 7 ہو گئی۔ غیر ملکی خبر ایجنسی نے بتایا ہے کہ اسرائیل نے زمینی فوجی دستے تیار کرنے شروع کر دیئے ہیں۔ اسرائیلی شہروں میں یہودی شہریوں اور مقامی عرب آبادی کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی۔غیر ملکی خبر ایجنسی کا یہ بھی کہنا ہے کہ کئی اسرائیلی شہروں میں یہودیوں اور عربوں کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات ملی ہیں۔