کابل(این این آئی) افغانستان میں طالبان نے ملک بھرمیں مذہبی تہوار عیدالفطر کے موقع پر تین روزہ فائر بندی کااعلان کیا ہے تاکہ افغان عوام ایک بار پھرپرامن اور محفوظ ماحول میں عیدکی خوشیاں مناسکیں۔سوشل
میڈیا پر جاری طالبان کے سیاسی امور کے ترجمان محمد نعیم نے اپنے ایک بیان میں عیدالفطر کے موقع پر تین روزہ فائربندی کا اعلان کرتے ہوئے افغانستان میں تمام طالبان اور مجاہدین کو اپنی تمام تر کاروائیاں روکنے کی ہدایت جاری کی ہے ۔ افغانستان میں ماہ شوال کا چاند نظرآنے کی صورت میں عیدالفطر بدھ یا بروز جمعرات متوقع ہے۔بیان میں طالبان سے مزید کہا گیا ہے کہ اگر ان دنوں میں دشمن کوئی حملہ کرتا ہے تو اپنے اور اپنے علاقے کی حفاظت اوردفاع کے لئے تیار رہاجائے۔طالبان کے بیان پر فوری طورافغان حکومت کا موقف سامنے نہیں آیا ہے تاہم توقع ہے کہ افغان حکومت طالبان کے اعلان کا خیرمقدم کرے گی۔