کابل(اے پی پی)افغانستان کے دارلحکومت کابل میں سکول کے باہر بم دھماکہ کے نتیجے میں طلبہ سمیت کم از کم 40 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوئے۔ ہفتہ کو ذرائع ابلاغ کے مطابق افغان حکام نے بتایا ہے کہ دہشتگردوں نے کابل کے مغربی علاقے دشتی بارچی میں
واقع سید الشہدا سکول کو نشانہ بنایا، دھماکہ چھٹی کے وقت ہوا جب طالبات سکول سے باہر نکل رہی تھیں، دھماکے سے طلبہ سمیت کم از کم 40 افراد ہلاک جبکہ 50 سے زائد لوگ زخمی ہوئے، زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، ہلاک ہونے والی طالبات میں زیادہ تر کی عمریں 11 سے 15 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہیں۔ افغانستان میں حالیہ دنوں میں دہشتگردی کے واقعات میں تیزی سے اضافہ دیکھنے کو آیا ہے، افغان صدر اشرف غنی نے طالبان کو حملے کا ذمہ دار قرار دیا جبکہ طالبان کے ترجمان نے سکول حملے میں طالبان کے ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ہم واقعہ کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ ابھی تک کسی بھی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔