ریاض (این این آئی/مانیٹرنگ ڈیسک )سعودی حکومت نے جدید ترین ٹیکنالوجی سے مسجد الحرام کے اندر مقام ابراہیم اور حجرِ اسود کی واضح ترین تصاویر بنا کر پیش کر دیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق تصاویر مکہ مکرمہ کے ادارہ امور حرمین شریفین کے شعبہ انجینئرنگ اسٹڈیز نے بنائیں۔
ایک ہزار سے زائد یہ تصاویر دنیا بھر کے مسلمان پہلی مرتبہ دیکھیں گے۔دوسری جانب سعودی نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح بن سلیمان مشاط کا کہنا ہے کہ اس سال رمضان میں دس لاکھ سے زیادہ افراد نے عمرہ ادا کیا۔پیر کی شب العربیہ کو دیے گئے بیان میں مشاط کا کہنا تھا کہ “رمضان کے آخری عشرے میں لوگوں کی بھیڑ سے نمٹنے کے لیے ایک منصوبہ وضع کیا گیا ہے”۔یاد رہے کہ رواں سال رمضان مبارک کے پہلے بیس روز کے دوران میں مسجد حرام کے دروازوں پر تھرمل کیمروں کے ذریعے تیس لاکھ سے زیادہ افراد کی جانچ کی گئی۔ ان افراد میں معتمرین، نمازی اور کارکنان شامل ہیں۔ یہ اقدام کرونا وائرس سے بچاؤ کے سلسلے میں احتیاطی اور حفاظتی تدابیر کا حصہ ہے۔