اسلام آباد،گوجرہ (مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی)ترکی کی فیکٹری میں آگ لگنے سے 16 پاکستانی مزدور جھلس کر جاں بحق ہوگئے، میڈیا رپورٹس کے مطابق چار کا تعلق سوات سے تھا۔ جمشید اور ایوب کا تعلق کانجو، صدام کا پانڑ مینگورہ
اور انور کا تعلق امانکوٹ مینگورہ سے تھا۔ جمشید کے بھائی عثمان علی نے رابطہ پر بتایا کہ کچھ عرصہ قبل ان کا بھائی ساتھیوں سمیت ترکی گیا تھا، وہاں ایک فیکٹری میں کام کر رہا تھا، وہاں ان کے بھائی کے ساتھ کام کرنیوالے دوستوں نے فون پر آتشزدگی کے حوالے سے بتایا۔دوسری جانب غیر قانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش میں ترک سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 3 پاکستانی نوجوان جاں بحق ہو گئے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق گوجرہ کا رہائشی علی رضا اس کا بھائی اور دیگر افراد یورپ جاتے ہوئے ماکو پہاڑی سے ترکی داخل ہو رہے تھے کہ ترک بارڈر سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ کا نشانہ بن گئے، علی رضا سمیت 2 نوجوان جان بحق ہو گئے۔علی رضا کو گوجرہ کے مقامی قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا، دوسرے نوجوان کی تدفین منڈی بہائوالدین اور ایک کی کھاریاں میں کی گئی۔