ریاض(این این آئی)سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے خواتین کو مسلح افواج میں شامل ہونے کی اجازت کے بعد مسجد الحرام میں پہلی مرتبہ خواتین سیکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا۔عرب ٹی وی کے مطابق سعودی خواتین اہلکاروں کو مکہ مکرمہ میں تعینات کیا گیا ہے
جو ماہِ رمضان کے دوران عمرہ زائرین کی نگرانی میں مصروف ہیں۔ حالیہ دنوں میں جاری کی گئی تصاویر میں خواتین سیکیورٹی اہلکاروں کو زائرین میں شامل خواتین کی معاونت کرتے دیکھا گیا۔رپورٹ کے مطابق سعودی لکھاری اور تبصرہ نگار علی شہابی نے خاتون پولیس افسر کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ یہ سعودی معاشرے کے لیے ایک حیران کن تبدیلی ہے۔مسجد الحرام میں باقاعدہ تربیت یافتہ 80 خواتین اہلکار حج و عمرہ زائرین کی سیکیورٹی خدمات پر مامور ہیں۔ایک خاتون پولیس افسر نے بتایا کہ مسجد الحرام میں آنے والی خواتین کی مدد کرنا ہماری بنیادی اور اہم ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری دوسری ذمہ داری انتظامی امور میں مدد کرنا ہے یعنی مطاف اور مسجد الحرام کے تمام حصوں میں ہجوم کو کنٹرول کرنا ہے۔خاتون پولیس افسر نے بتایا کہ ہم کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر پر توجہ مرکوز کرتے ہیں اور مسجد الحرام آنے والی تمام خواتین کو مدد کی پیشکش کرتے ہیں۔ایک اور خاتون افسر نے کہا کہ انہوں نے ریاض میں ہونے والے ملٹری کورس میں داخلہ لیا تھا جہاں انہوں نے کئی صلاحیتیں سیکھیں۔انہوں نے کہا کہ آج میں اللہ کے مہمانوں کی خدمت پر مامور ہوں۔
#من_الميدان ، “أمن الحج والعمرة”@security_gov pic.twitter.com/5j93CKcmzl
— وزارة الداخلية (@MOISaudiArabia) April 19, 2021