اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ہمسایہ ملک بھارت میں ایک آدمی نے دو خواتین کی جانیں بچانے کے لیے روزہ توڑ دیا۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق اس 32سالہ نوجوان کا نام عقیل منصوری ہے جو اودے پور کا رہائشی ہے۔ یکم رمضان کو وہ
روزے کے ساتھ تھا، جب اسے کورونا وائرس کی دو مریض خواتین کے لیے پلازمہ عطیہ کرنے کو کہا گیا اور اس نے اس نیک مقصد کے لیے روزہ توڑ دیا۔رپورٹ کے مطابق 36سالہ نرملا اور 30سالہ الکا نامی ان مریضوں کو اے پازیٹو پلازمہ کی اشد ضرورت تھی، جس پر عقیل منصوری آگے آ یا اور روزہ توڑ کر ان خواتین کے لیے پلازمہ عطیہ کر دیا۔ عقیل منصوری کا کہنا تھا کہ مجھے موبائل فون پر یہ پیغامات موصول ہوئے جن میں ان خواتین کے لیے پلازمہ کا کہاگیا تھا۔ میں فوری طور پر ہسپتال گیا اوران کے لیے خون عطیہ کر دیا۔میں کورونا وائرس سے صحت مند ہونے کے بعد سے کئی لوگوں کو پلازمہ عطیہ کر چکا ہوں۔ انسانی ہمدردی کے اس جذبے پر لوگ عقیل منصوری کی تعریفیں کر رہے ہیں ۔