ابوظہبی(این این آئی)دبئی کی مصروف شاہراہ امارات روڈ پر صبح دھند کے بادل چھائے رہے جس کے دوران حد نگاہ صفر ہونے سے 28 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات میں دبئی کی مشہور
شاہراہ پر 28 گاڑیاں ایک دوسرے پر چڑھ دوڑیں۔ یہ واقعہ شاہراہ پر دھند کے باعث حد نگاہ صفر ہونے کی وجہ سے ہوا۔دبئی پولیس کے محکمہ ٹریفک کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر سیف مظہر المزروی نے میڈیا کو بتایا کہ امارات روڈ پر گاڑیاں آپس میں ٹکرانے کا واقعہ پہلے دو گاڑیوں کے تصادم سے شروع ہوا۔ پیچھے آنے والی تمام گاڑیاں یکے بعد دیگرے ٹکراتی گئیں اور شاہراہ پر ڈھیر لگ گیا۔بریگیڈیئر سیف مظہر المرزوی نے مزید کہا کہ سڑک پر سے گاڑیوں کو ہٹانے اور ٹریفک بحال کرنے میں کئی گھنٹے لگ گئے۔ خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم ایک خاتون بری طرح زخمی ہیں۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بیان میں شہریوں کو علی الصبح اور رات گئے مرکزی شاہراہ پر گاڑی نہ چلانے کی ہدایت کی گئی ہے۔