ریاض (این این آئی)سعودی وزارت داخلہ نے گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور ڈرونز سعودی عرب لانے کی شرائط مقرر کی ہیں۔ سعودی عرب نے کیمرے لانے کے متعدد ضابطے جاری کیے ہیں۔ضوابط میں کہا گیا ہے کہ انفرادی طور پر کیمرہ لانے کی اجازت ہے۔ کاروبار کے لیے کیمرے لانے کی
اجازت نہیں ہے اور یہ کیمرے جاسوسی کے لیے نہ ہوں۔انجمن تحفظ صارفین کا کہنا ہے کہ خلیجی شہری ایک سال میں دو گاڑیاں درآمد کرسکتے ہیں۔ مملکت میں مقیم غیرملکی تین برس میں ایک گاڑی درآمد کرنے کے مجاز ہیں۔پین یا میڈل کی شکل والے لیزر گراف کی درآمد کی اجازت نہیں۔ انہیں ضبط کرلیا جائے گا اور جرمانہ بھی ہوگا۔ انجمن تحفظ صارفین کے مطابق کمپیوٹر اور موبائل کی درآمد پر کوئی کسٹم ڈیوٹی نہیں تاہم ویلیو ایڈڈ ٹیکس لیا جائے گا جبکہ ڈرونز کی درآمد کے لیے محکمہ شہری ہوابازی سے لائسنس حاصل کرنا ہوگا۔ انجمن کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکلیں درآمد کرنے کے لیے بل اور موٹر سائیکل بنانے والی کمپنی کا سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا۔ یہ بھی ضروری ہے کہ موٹر سائیکل سعودی سٹینڈرڈ کے مطابق ہو۔کسی بھی ماڈل کی موٹر سائیکل لائی جاسکتی ہے تاہم ایسی کوئی بھی موٹر سائیکل درآمد نہیں کی جا سکتی جس کے انجن و چیسس نمبر الگ الگ ہوں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ جانور درآمد کرنے کے لیے وزارت ماحولیات و پانی و زراعت سے منظوری لینا ہوگی اور ہیلتھ سرٹیفکیٹ بھی پیش کرنا ہوگا۔