تل ابیب(این این آئی)اسرائیل نے امریکا کو خلیج میں اینٹی میزائل سسٹم نصب کرنے کی اجازت دے دی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیل نے امریکا کو خلیج فارس، یورپ اور ایشیا میں موجود اپنے فوجی اڈوں پر اسرائیلی ساختہ اینٹی میزائل سسٹم آئرن ڈوم نصب کرنے کی اجازت دے دی۔اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکا
خلیج میں اسرائیلی کمپنی رافیل ایڈوانسڈ ڈیفنس سسٹمز لمیٹڈ کا تیار کردہ اینٹی میزائل سسٹم آئرن ڈوم نصب کرے گا جس کے لیے امریکا نے اسرائیلی حکام سے منظوری حاصل کر لی ہے۔واضح رہے کہ آئرن ڈوم اسرائیلی ساختہ راکٹ شکن نظام ہے جو 20 سے لے کر 45 سیکنڈ میں اپنے ہدف کو ریڈار کی مدد سے تلاش کر کے تباہ کرنیکی صلاحیت رکھتا ہے۔دوسری جانب امریکا نے سعودی دارالحکومت ریاض پر حملے کی کوشش کی شدید مذمت کی ہے۔عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب پر حوثی باغیوں کے حملے کی کوشش پر امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے مذمتی بیان جاری کیا گیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کاکہنا تھا کہ امریکا اپنے اتحادی سعودی عرب کی مدد کرے گا اور اس کی سرزمین پر ہونے والے حملے کے خلاف اس کا دفاع کرے گا۔امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا ریاض پر حملے کی کوشش کی شدید مذمت کرتا ہے، اس سلسلے میں ہم مزید معلومات اکٹھا کررہے ہیں لیکن بظاہر لگتا ہے کہ اس حملے میں سویلین اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے، اس طرح کے حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں اور خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کو کمزور کرتے ہیں۔امریکی محکمہ خارجہ نے مزید کہا کہ جس طرح ہم یمن جنگ کے خاتمے سمیت خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے اصولی سفارتکاری کے ذریعے کام کرتے ہیں اسی طرح اپنے اتحادی سعودی عرب کی سرزمین پر حملے پر اس کا دفاع کریں گے اور خطے میں امن و استحکام کو کمزور کرنے والوں کو بھی پکڑیں گے۔