ابوظہبی (این این آئی)متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النیہان کہتے ہیں کہ امارات پندرہ لاکھ پاکستانیوں کا دوسرا گھر ہے اور پاکستانی برادری نے امارات کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ابوظہبی سے
جاری کردہ اپنے بیان میں متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النیہان نے کہا کہ یوا ے ای اور پاکستان کے تعلقات میں گہرائی بھی ہے اور مزید وسعت کی گنجائش بھی ہے۔وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النیہان نے کہا کہ موجودہ سفری بندشیں کورونا وائرس کی وجہ سے ہیں۔اماراتی وزیر خارجہ نے یقین دہانی کرتے ہوئے کہا کہ وبا کی وجہ سے عائد ویزوں کے اجرا میں پابندیاں عارضی ہیں۔شیخ عبداللہ بن زاید النیہان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے امارات کے قیام کے ساتھ ہی سفارتی تعلقات قائم کیے۔انہوں نے مزید کہا کہ یو اے ای اور پاکستان نے خطے میں تازہ ترین پیشرفتوں پر تبادلہ خیال کیا جبکہ علاقائی اور بین الاقوامی امور پر ردعمل مربوط کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔